نئے ویڈیو اور کمیونٹی فیچرز، فیس بُک کی نوجوانوں کو راغب کرنے کی کوشش
Oct 7 2024 | ویب ڈیسک
فیس بک کو حقیقی معنوں میں پہلا بڑا سوشل میڈیا پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے لیکن اب یہ والدین اور بزرگوں میں زیادہ پسند کیا جاتا ہے جبکہ نوجوان تصاویر اور ویڈیوز کے لیے انسٹاگرام اور ٹک ٹاک کا استعمال کرنے لگے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق فیس بک کی مالک کمپنی میٹا اس رجحان کو تبدیل کرنے کے لیے تیار ہے۔
میٹا میں فیس بک کے سربراہ ٹام ایلیسن نے کہا کہ اگرچہ فیس بک اصل میں صارفین کو خاندان اور دوستوں کے ساتھ رابطے میں رہنے میں مدد کرنے پر مرکوز تھا جبکہ مستقبل لوگوں کو ان کے نیٹ ورکس کو بڑھانے اور نئے رابطے بنانے میں مدد کرنے کا ہے جو کہ نوجوان نسل کے اس سروس استعمال کرنے کے رجحان سے مطابقت رکھتا ہے۔
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں سوشل میڈیا پر مواد کے تخلیق کاروں یا کانٹینٹ کریئیٹرز کے ایک گروپ سے گفتگو میں ٹام ایلیسن نے کہا کہ ’ہم دیکھتے ہیں کہ نوجوانوں کی زندگی میں جب کوئی تبدیلی آتی ہے تو وہ فیس بک کا رخ کرتے ہیں۔ جب وہ کسی نئے شہر میں منتقل ہوتے ہیں، تو وہ اپنے اپارٹمنٹس کو سجانے کے لیے فیس بک کے مارکیٹ پلیس کا استعمال کر رہے ہوتے ہیں۔ جب وہ والدین بن جاتے ہیں، تو وہ والدین کے فیس بک کے گروپوں میں شامل ہو جاتے ہیں۔‘
اس تقریب کے دوران فیس بک کی جانب سے دو نئے ٹیبس شروع کرنے کا اعلان کیا گیا جن کے نام ’لوکل‘ اینڈ ’ایکسپلور‘ ہیں۔ فی الوقت ان ٹیبس کا مخصوص شہروں اور مارکیٹس میں تجربہ کیا جا رہا ہے جو پورے فیس بک سے مواد کو اکٹھا کر رہی ہیں۔
’لوکل‘ ٹیب صارفین کو قریبی واقعات، کمیونٹی گروپس اور مقامی ’اشیا برائے فروخت‘ دکھاتا ہے، اور ’ایکسپلور‘ ٹیب صارف کی دلچسپیوں پر مبنی مواد تجویز کرتا ہے۔
نوجوانوں پر بڑھتی ہوئی توجہ نئے صارفین کو لانے کی کلید ہوگی کیونکہ فیس بک کو ان کی توجہ کے لیے وسیع مقابلے کا سامنا ہے۔ مختصر نوعیت کی ویڈیو ایپ ٹک ٹاک کے امریکہ میں 15 کروڑ صارفین ہیں اور یہ نئی نسل میں بے حد مقبول ہے، جس کی وجہ سے میٹا کو 2021 میں ‘ریلز‘ نامی اپنی کاپی کیٹ پراڈکٹ متعارف کرانا پڑی۔
فیس بک پر نوجوان اپنا 60 فیصد وقت ویڈیوز دیکھنے میں صرف کرتے ہیں اور آدھے سے زیادہ روزانہ ریلز دیکھتے ہیں۔ کمپنی نے کہا کہ وہ آنے والے ہفتوں میں ایک اپڈیٹ شدہ ویڈیو ٹیب بھی متعارف کرائے گی جو مختصر شکل، لائیو اور لمبی ویڈیوز کو ایک جگہ پر اکٹھا کرتی ہے۔
کمپنی نے کہا کہ فیس بک کا سنہ 2019 میں شروع کیا گیا ڈیٹنگ فیچر جو صارفین کو تجویز کردہ پروفائلز کو دیکھنے کا موقع دیتا ہے، نے امریکہ اور کینیڈا میں نوجوانوں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں سال بہ سال 24 فیصد اضافہ نوٹ کیا ہے۔
آسٹن میں ہونے والے پاپ اپ ایونٹ میں ایک چھوٹے سے کتابچے نے مستقبل کے لیے پلیٹ فارم کی پوزیشننگ کا خلاصہ پیش کیا جس کا عنوان تھا ’آپ کی والدہ کا نہیں (فیس بک)۔‘
Views= (93)
Join on Whatsapp 1 2