25 سے 29 اپریل کے دوران ملک کے کن علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے؟

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ 25 تا 29 اپریل کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 26 تا 27 اپریل کے دوران بلوچستان کے بعض اضلاع نوشکی، پشین، ہرنائی، ژوب، بارکھان، گوادر، کیچ ، آواران کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
27 تا 28 اپریل کے دوران دیر، سوات، چترال، مانسہرہ اور کوہستان کے مقامی ندی نالوں میں موسلادھار بارش کے باعث سیلابی صوتحال متوقع ہے۔
27 تا 29 اپریل کے دوران تیز بارش کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت میں لینڈ سلائیڈنگ بھی متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام پی ڈی ایم ایز اور دیگر انتظامی اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق کاشت کار فصل خصوصاً گندم کی کٹائی کے حوالے سے موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے معمولات تشکیل دیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیاح اور مسافر پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، سفر ضروری ہو تو موسم اور راستوں کی صورتحال سے آگاہ رہیں، بہاؤ تیز ہونے کی صورت میں برساتی ندی نالوں کو پار کرنے سے گریز کریں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بجلی کے کھمبوں،کچی عمارتوں، ٹوٹی دیواروں اور چھتوں سے دور رہیں، نشیبی علاقوں کے مکین ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر محتاط رہیں۔
ترجمان این ڈی ایم اے کا یہ بھی کہنا تھا کہ موسم برسات میں نقصان سے بچاؤ کے لیے چھتوں، تہہ خانوں اور بیرونی دیواروں کی واٹر پروفنگ کو یقینی بنائیں، نکاسی آپ کو یقینی بنانے کے لیے برقت ضروری اقدامات کے ساتھ ساتھ دیواروں اور چھتوں میں شگاف ،کریک کی بر وقت مرمت یقینی بنائیں۔
دوسری جانب خلیج کے خطے میں طوفانی بارشوں کے باعث مغربی ہواؤں نے پاکستان کا رخ کرلیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج پاکستان میں داخل ہوگا، اس کے نتیجے میں غیر معمولی بارش کا امکان ہے۔
تیزی سے بدلتے ہوئے موسم کے باعث غیر متوقع بارشیں ہو رہی ہیں۔ ملک کے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ یہ واضح نہیں کہ متعلقہ اداروں کو مکمل تیاری کی حالت میں رہنے سے متعلق ہدایات جاری کی گئی ہیں یا نہیں۔
دستیاب ڈیٹا کے تجزیے کی بنیاد پر محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بارش کا سلسلہ 27 اپریل تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران پیشگی حفاظتی انتظامات نہ کیے جانے کی صورت میں کہیں کہیں عوام کے لیے مشکلات بھی پیدا ہوسکتی ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں جس طور اچانک بہت زیادہ بارش ہوئی اُس کے پیشِ نظر لازم ہے کہ متعلقہ ادارے مکمل کی حالت میں رہیں اور لوگوں کے لیے بروقت رہنما ہدایات جاری کریں۔ مغربی ہواؤں نے پاکستان کا رخ کرلیا، غیر معمولی بارش کا امکان

Views= (12)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین