بھائی کے ہاتھوں بہن کا قتل، ’گلے کی ہڈی دو جگہ سے ٹُوٹی ہوئی ہے‘

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 22 سالہ نوجوان لڑکی کی ہلاکت کے بعد ان کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق لڑکی کی موت گلا گھونٹنے سے ہوئی جس سے اُن کی گلے کی ہڈی دو جگہ سے ٹُوٹی ہوئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تیارکردہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لڑکی کی موت اسی وقت ہو گئی تھی جب گلا دبایا گیا۔ تاہم موت 18 مارچ کو ہوئی جس کی وجہ سے جسم کے زیادہ تر حصوں میں گلنے سڑنے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
لاش کے مختلف حصوں کے نمونے لیب ٹیسٹ کے لیے فرانزک لیب کو بھجوا دیے گئے ہیں اس لیے وہ رپورٹس آنے تک کوئی حتمی نتیجہ اخذ نہیں کیا جا سکتا۔
دوسری طرف پولیس نے ویڈیو بنانے والے دوسرے بھائی اور ان کی اہلیہ کو بھی شامل تفتیش کر لیا ہے جبکہ گلا دبا کر مارنے والے بھائی اور باپ پہلے ہی پولیس حراست میں ہیں جنہیں جمعہ کو ضلعی مجسٹریٹ کے روبرو پیش کر کے پولیس نے دو روز کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک شخص ایک لڑکی کو گلا دبا کر قتل کر رہا ہے اور ایک شخص ساتھ چارپائی پر ساتھ بیٹھا ہے جبکہ ایک اور شخص ویڈیو بنا رہا ہے۔ ان کے علاوہ کمرے میں ایک اور خاتون بھی موجود ہیں۔
پولیس کے مطابق قتل کرنے والا لڑکی کا بھائی اور ساتھ چارپائی پر بیٹھا شخص لڑکی کا سگا باپ ہے۔ اسی طرح ویڈیو بنانے والا لڑکی کا دوسرا بھائی اور کمرے میں موجود دوسری عورت ویڈیو بنانے والے کی اہلیہ ہے۔
ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ عبادت نثار کے مطابق 22 سالہ ماریہ کو قتل کیے جانے کی اطلاع پولیس کو 24 مارچ کو موصول ہوئی جس کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایک ویڈیو بیان میں ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ’ایک ویڈیو منظرِعام پر آئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس کمرے میں چار افراد موجود ہیں جہاں اس لڑکی کو گلا دبا کر قتل کیا جا رہا ہے۔ ان چاروں افراد میں ایک عورت بھی ہے۔‘
’یہ واقعہ سترہ مارچ کا ہے۔ ایف آئی آر درج کرنے کے بعد عدالت کے حکم سے قبر کشائی کی گئی کیونکہ ملزمان نے قتل کے بعد لڑکی کو عُجلت میں دفن کر دیا تھا۔‘
عبادت نثار کہتے ہیں کہ ’قبر کشائی کے بعد لڑکی کی لاش کا پوسٹ مارٹم کروایا گیا ہے اور نمونے فرانزک لیب کو بھجوا دیے گئے ہیں۔ اس کے بعد جیسے جیسے دیگر ثبوت سامنے آئیں گے تو کیس کی کارروائی کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔‘

Views= (213)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین