اداکارہ نادیہ خان نے شرمیلا فاروقی کی والدہ کے ساتھ بنائی مکمل ویڈیو شیئر کردی

شرمیلا والدہ انیسہ کی ٹرولنگ کرنے پر سائبر کرائم میں شکایت درج کروا چکی ہیں

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی کے ساتھ بنائی گئی مکمل ویڈیو شیئر کردی۔
نادیہ خان اور شرمیلا فاروقی کا تنازع ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کررہا ہے، پی پی رہنما نے جہاں میزبان کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے تو وہیں نادیہ خان خود کو بےقصور ثابت کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرتی نظر آرہی ہیں۔
اب نادیہ خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی وہ مکمل ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اُنہیں انیسہ فاروقی سے اُن کے میک اپ اور ملبوسات کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے
نادیہ خان نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’یہ سب ٹائٹلز کے ساتھ مکمل ویڈیو ہے جس میں کوئی ایڈیٹنگ نہیں کی گئی ہے۔‘
اُنہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ’کیا آپ پوری ویڈیو میں ایک بھی غیراخلاقی یا نامناسب لفظ تلاش کر سکتے ہیں؟‘
اداکارہ صبور علی اور علی انصاری کی شادی کے موقع پر نادیہ خان نے انیسہ فاروقی کے ساتھ ویڈیو بنائی جس میں وہ رکن سندھ اسمبلی کی والدہ سے ٹرولنگ کرنے کے انداز میں سوالات کر رہی تھیں۔
نادیہ خان نے انیسہ فاروقی سے پوچھا تھا کہ آپ کا میک اپ کون کرتا ہے اور ان کے ملبوسات کس کی پسند ہوتے ہیں۔ جس پر انیسہ فاروقی نے اپنی بیٹی شرمیلا فاروقی کا نام لیا تھا
شرمیلا فاروقی کی والدہ کے ساتھ اس سوالات و جوابات پر مبنی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد نادیہ خان پر تنقید کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔
دوسری جانب شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کی جانب سے والدہ انیسہ فاروقی کی ٹرولنگ کرنے پر سائبر کرائم کے دفتر میں شکایت درج کروا دی۔

Views= (90)

گروپ جائن کرنے کے لیے کلک کریں (NewsHook) /#/ (NewsHook-2)

اہم خبریں/ تازہ ترین