وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے استعفیٰ دے دیا

استعفیٰ کیوں دیا؟ شہباز گل نے وجہ بتا دی

وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ اور احتساب شہزاد اکبر نے استعفیٰ دے دیا۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم کے مشیر شہزاد اکبر نے استعفیٰ دیے جانے کی تصدیق کی۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ میں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کو بھیج دیا ہے اور امید ہے عمران خان کی زیر قیادت احتساب کا عمل جاری رہے گا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ شہزاد اکبر نے وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب اور داخلہ دونوں عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سے میڈیا میں یہ خبریں چل رہی تھیں کہ وزیراعظم عمران خان نے شہزاد اکبر کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے ساتھ ہی ایک اجلاس کی روداد بھی بیان کی جارہی تھی جس کے دوران عمران خان نے شہزاد اکبر کی کارکردگی پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق 18 جنوری کو کابینہ کمیٹی کی میٹنگ میں شیخ رشید نے نوازشریف کی واپسی سے متعلق سوال اٹھایا تھا جس پر شہزاد اکبر نے نواز شریف کی واپسی کو مشکل قرار دیا تھا۔
میڈیا ذرائع کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر کو خود سے استعفیٰ دے کر جانے کا کہا گیا بصورت دیگر وزیراعظم انہیں برطرف کرسکتے تھے۔

یونیورسٹی آف لندن کے گریجویٹ اور پیشے کے لحاظ سے قانون دان شہزاد اکبر اگست 2020 سے وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں مشیر کی حیثیت سے کام کر رہے تھے، اس سے قبل وہ معاون خصوصی کے عہدے پر فائز رہے تھے۔ انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے بنائے گئے ’ایسٹ ریکوری یونٹ‘ کے سربراہ کے طور پر کام کیا۔ حکومت کا حصہ بننے سے بیرسٹر شہزاد اکبر، قومی احتساب بیورو (نیب) کے ڈپٹی پروسیکیوٹر کی حیثیت سے بھی کام کرتے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے شہزاد اکبر کے حوالے سے زیادہ بات کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ شہزاد اکبر ڈیلیور نہیں کرسکے، وہ کسی اورکام کے تھے، ان کاکام کچھ اورتھا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ اور احتساب شہزاد اکبر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جسے وزیراعظم نے منظور کرلیا ہے۔
ان کے استعفے کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’آپ نے شدید دباؤ میں کام کیا، مافیا کے خلاف کام کرنا آسان نہیں تھا لیکن جس طرح آپ نے کام کیا وہ قابل ستائش ہے۔‘
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے شہزاد اکبر کے عہدہ چھوڑنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ شہزاد اکبر یا تو کام کر کے تھک گئے ہوں گے یا انہیں کوئی اور اچھا موقع مل رہا ہوگا۔

مرزا شہزاد اکبر کی استعفے کی خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب نے قومی وسائل کو برباد کرنے کے بعد استعفیٰ دیا ہے۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں مزید لکھا کہ ’ہمیں ہمیشہ سے پتہ تھا کہ یہ ناکام ہوں گے۔ صحیح وقت پر کشتی سے چھلانگ لگارہے ہیں، شہزاد اکبر تو ذہین شخص نکلے۔‘

Views= (80)

گروپ جائن کرنے کے لیے کلک کریں (NewsHook) /#/ (NewsHook-2)

اہم خبریں/ تازہ ترین