محسن رضا نقوی نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر ؛ پی ٹی آئی نے تقرر مسترد کر دیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے محسن رضا نقوی کو پنجاب کا نگران وزیراعلیٰ مقرر کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹفکیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں اتفاق رائے سے محسن رضا نقوی کو نگران وزیراعلی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے محسن نقوی کا تقرر مسترد کر دیا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے ٹوئٹ کی کہ ’الیکشن کمیشن نے کبھی مایوس نہیں کیا، محسن نقوی جیسے متنازع شخص کو وزیر اعلی مقرر کرنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، اس نظام کے خلاف سڑکوں پر جدوجہد کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔ کارکنان تیاری کریں عمران خان کی قیادت میں بڑی مہم چلائیں گے۔‘
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر کے لیے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن میں اجلاس ہوا۔
پاکستان ٹیلی ویژن کے مطابق اجلاس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن، چاروں ممبران، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
نگران وزیراعلی کے لیے وزیراعلی پنجاب پرویز الہی نے نے احمد نواز سکھیرا اور نوید چیمہ جب کہ اپوزیشن لیڈر نے محسن نقوی اور احد چیمہ کا نام تجویز کیا تھا۔ مجوزہ ناموں میں سے کسی پر اپوزیشن لیڈر اور وزیراعلی کے درمیان اتفاق نہ ہونے کے باعث یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا گیا تھا۔
پارلیمانی کمیٹی میں بھی اتفاق رائے نہ ہونے کے سبب یہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیج دیا گیا تھا۔
آئین کے آرٹیکل 224 اے کے تحت نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کا فیصلہ کرنے کے لیے دو دن کا وقت آج ختم ہو رہا تھا۔
جمعے کو حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کیمٹی کے اجلاس کے بعد پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت نے کہا تھا کہ ’فیصلہ یہ ہوا ہے کہ دونوں اطراف کی نام الیکشن کمیشن کے پاس جائیں گے، الیکشن کمیشن چاروں امیدواروں کے کردار کو سامنے رکھ کر بہتر شخص کا نام لائے۔‘
خیال رہے کہ صوبے میں قبل از وقت الیکشن کرانے کے لیے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب اسمبلی توڑنے کے لیے اپنی اتحادی جماعت کے وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کو ہدایت کی تھی۔

Views= (599)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین