بجلی کا بریک ڈاؤن: ملک ری سٹارٹ ہو رہا ہے آپ نے گھبرانا نہیں ہے!

پاکستان میں پیر کی صبح ملک کے ایک بڑے حصے بشمول کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں اچانک بجلی غائب ہوگئی اور وزارت توانائی کی جانب سے عوام کو مطلع کیا گیا کہ ایسا نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی کم ہونے کی وجہ سے ہوا ہے۔
وزارت توانائی نے ایک ٹویٹ میں یہ بھی کہا کہ اس بریک ڈاؤن سے ملک کا ایک بڑا حصہ متاثر ہوا ہے۔
تاہم تقریباً 9 بجے کے قریب وزارت توانائی نے ایک اور بیان میں کہا کہ ’پچھلے ایک گھنٹے میں اسلام آباد سپلائی کمپنی اور پشاور سپلائی کمپنی کے محدود تعداد میں گرڈ سٹیشنز بحال کردیئے گئے ہیں۔‘
ملک بھر میں بجلی کب بحال کی جائے گی اس حوالے حکومت یا کسی محکمے کی جانب سے تاحال کوئی واضح ٹائم فریم نہیں دیا گیا لیکن سوشل میڈیا پر کچھ لوگ اس حوالے سے قیاس آرائیاں کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ اس کی بحالی میں گھنٹوں لگ سکتے ہیں۔
تاہم وزیر توانائی خرم دستگیر نے پاکستانی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں 12 گھنٹوں میں مکمل طور پر بجلی بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی صارفین کی بڑی تعداد حکومت پر طنز و تنقید کرتی ہوئی نظر آرہی ہے۔
میڈیا کی معروف شخصیت انوشے اشرف نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ہم اربوں روپے اپنی سرحدوں اور مفاد کے تحفظ کے لیے خرچ کر رہے اور دوسری طرف ہمارے ملک میں گیس، ڈالر اور بجلی ختم ہو رہی ہے۔‘ انہوں نے مزید لکھا کہ ’پاکستان منتخب کیے گئے کچھ خاندانوں کے لیے کاروبار ہے اور باقی ہم سب صرف بھیڑیں ہیں۔‘

طیب بن طارق نامی صارف نے لکھا کہ ’نجی سیکٹر میں کچھ منٹوں کی بجلی کی معطلی کے باعث نوکریاں چلی جاتی ہیں لیکن اس حکومت میں قومی سطح پر بجلی کی معطلی سے بھی کوئی اثر نہیں پڑے گا۔‘
بجلی کی بندش کا معاملہ بلکل بھی ایسا نہیں جسے سنجیدہ نہ لیا جائے لیکن پاکستانی سوشل میڈیا پر صارفین کی ایک بڑی تعداد ایسی ہے جو شاید اپنے غم بھلانے کے لیے طنز و مزاح اور میمز کا سہارا لیتی ہے۔
شہزور احمد نے ایک ٹویٹ میں لکھا ’پورے ملک میں بجلی نہیں؟ کیا یہ میرا عزیز ہم وطنوں والا وقت ہے؟‘
احمد نامی صارف نے شاہ رخ خان کی فلم ’میں ہوں ناں‘ سے ایک میم نکالی اور لکھا ’پاور بریک ڈاؤن میں 100 فیصد چارجنگ؟‘ اور فلم کے ہیرو کے منہ سے کہلاوایا کہ ’سب کی نہیں ہوتی۔‘

جہاں کچھ لوگوں کو صبح بجلی کی بندش کے باعث اپنے دفاتر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا تھا وہاں کچھ سوشل میڈیا صارفین ایسے بھی ہیں جن کے لیے اس وقت سب سے بڑا مسئلہ موبائل فون کا چارج نہ ہونا ہے۔ ایک اور صارف طارق اسماعیل جتوئی نے لکھا کہ ’ملک ری سٹارٹ ہو رہا ہے آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔


Views= (854)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین