امریکہ میں کُتے نے مالک کو گولی مار کر ہلاک کر دیا

امریکہ میں کتے نے گولی مار کر ایک شخص کو ہلاک کر دیا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ ریاست کنساس کے ضلع سمنر میں پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گولی لگنے سے ہلاک ہونے والے شخص کی عمر 30 سال کے لگ بھگ تھی اور اس کا نام جوزف سمتھ تھا۔
سمنر کے شیرف نے واقعے کے بعد بتایا کہ وہ شخص شکار کے ارادے سے اپنی گاڑی میں جا رہا تھا اور اس دوران ہی واقعہ پیش آیا۔
’جوزف سمتھ گاڑی کی اگلی سیٹ پر بیٹھے اور ساتھ والی سیٹ شکار کی بندوق پڑی تھی۔ اس دوران کتا پیچھے والی سیٹ سے اگلی سیٹ پر آیا تو اس کا پاؤں ٹریگر کے اوپر آ گیا اور گولی چل گئی۔‘
پولیس کے مطابق ’گولی لگنے کے فوراً بعد جوزف دم توڑ گیا تھا۔‘
کتے کی گولی کا نشانہ بننے والے شخص کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ پلمبر کا کام کرتا تھا۔
جوزف کی کمپنی کے مالک کرس براؤن کا کہنا ہے کہ ’جوزف ان چند اچھے لوگوں میں سے تھے جن سے میں پوری زندگی میں ملا، سب ان کو پسند کرتے تھے۔‘
شیرف آفس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک اور بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں تاہم اب تک سامنے آنے والے شواہد سے عیاں ہے کہ یہ حادثاتی طور پر ہی رونما ہوا۔‘
خیال رہے امریکہ میں غلطی سے گولی چل جانے واقعات عام ہیں کیونکہ یہ ایسا ملک ہے جہاں لوگوں سے زیادہ بندوقیں موجود ہیں۔
امریکہ کے شعبہ صحت کا کہنا ہے کہ وہاں 2021 کے دوران حادثاتی طور پر گولی چل جانے سے پانچ سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

Views= (899)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین