مسافر بس کھائی میں جاگری، 41 افراد جاں بحق

کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس کھائی میں جا گری، افسوسناک واقعے میں 41 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کےمطابق بیلہ کے قریب ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس کھائی میں گر گئی، یہ حادثہ پیش آنے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر پہنچیں اور مسافروں کو باہر نکالنے کی کوشش کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کھائی میں گرنے کے بعد مسافر بس میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کی وجہ سے مسافروں کو بس سے نکالنے میں مشکل پیش آئی اور یہی ہلاکتوں میں اضافے کی وجہ بنی۔
حادثے کے متعلق اسسٹنٹ کمشنر لسبیلہ حمزہ انجم کا کہنا ہے کہ مسافر کوچ میں بس میں 48 افراد سوار تھے، جن میں سے 41 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔ جل جانے کی وجہ سے زیادہ تر لاشیں ناقابل شناخت ہیں، اُن کا ڈی این اے کروایا جائے گا۔تمام صورتحال کو خود مانیٹر کر رہا ہوں۔
کوچز یونین کے ترجمان نے کہا ہے کہ بیلہ حادثہ چینکی کے مقام پر بارش سے ہونے والی پھسلن کے باعث پیش آیا۔
حادثے کے حوالے سے ایدھی انچارج لسبیلہ ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی کا کہنا ہے کہ بس میں پھنسے مزید مسافروں کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سے 38 افراد کی لاشیں جناح اسپتال کراچی منتقل کردی گئیں، جہاں اُن کے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ انتظامیہ نے شناخت کے بعد تین لاشیں لواحقین کے حوالے کردیں۔


Views= (728)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین