پشاور پولیس لائنز مسجد میں خودکش دھماکہ ؛ شہید ہونے والوں کی تعداد 72 ہوگئی

پشاور : پولیس لائنز کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خودکش دھماکے میں امام مسجد اور پولیس اہلکاروں سمیت شہید ہونے والوں کی تعداد 72 ہوگئی جب کہ 157 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے سے مسجد کی دومنزلہ عمارت کر گئی، سکیورٹی حکام کے مطابق حملہ آور نمازیوں کی پہلی صف میں موجود تھا، مسجد کے ملبے سے مزید9 شہدا کی میتیں نکال لی گئیں ،اب بھی متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، بھاری مشینری سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال نے دھماکے میں شہید اور زخمی افراد کی فہرست جاری کردی ہے جس کے مطابق دھماکے میں 72 افراد شہید ہوئے، 157 زخمی ہوئے۔
شہداء میں ڈی ایس پی عرب نواز، 5 سب انسپکٹرز، مسجد کے پیش امام صاحبزادہ نور الامین ، ایک خاتون اور دیگر افراد شامل ہیں۔ خاتون مسجد سے متصل پولیس کوارٹر میں رہاش پذیر تھی۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تین جاں بحق افراد کی شناخت ابھی نہیں ہوسکی ہے۔
ترجمان ریسکیو 1122 بلال فیضی نے بتایا کہ ’اس وقت بھی چار زخمی ملبے کے نیچے زندہ موجود ہیں جن سے ہماری بات ہو رہی ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ زخمیوں کی حالت بہتر ہے، تاہم ان کو سانس لینے میں مشکلات کے پیش نظر منہدم چھت میں سوراخ کر کے آکسیجن سلنڈر کی مدد سے ان کو آکسیجن فراہم کی جا رہی ہے۔
پاکستان ہلال احمر کے ترجمان ذیشان انور کے مطابق اب تک ملبے سے صرف دو افراد کو زندہ نکالا جا سکا ہے، جبکہ 12 سے زائد لاشیں نکالی گئیں۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ مسجد میں ہونے والا دھماکہ بظاہراً سکیورٹی کی ناکامی ہی لگ رہی ہے لیکن تفتیش کے بعد ہی صورتحال واضح ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ نماز کے دوران مسجد میں تقریباً تین سے چار سو افراد موجود ہوتے ہیں، دھماکے میں مسجد کا مرکزی ہال زمین بوس ہوا ہے۔
اس سے قبل گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو آپریشن ایک گھنٹے میں مکمل ہو جائے گا۔
انہوں نے عوام سے خون کے عطیات کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ او نیگیٹو گروپ کی اشد ضرورت ہے۔
نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے صوبے میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ کل پورے صوبے میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
محمد اعظم خان نے کہا کہ صوبائی حکومت ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

Views= (590)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین