سولر پینل والے صارفین کو بجلی کے یونٹ کی پوری قیمت ملے گی: نیپرا

شمسی توانائی سے گھروں میں بجلی پیدا کرنے والے صارفین کے لیے اچھی خبر ہے کہ انہیں بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں اب فی یونٹ کم قیمت پر ادائیگی نہیں کریں گی۔
نیپرا نے چند ماہ قبل عندیہ دیا تھا کہ نیٹ میٹنرنگ کے ذریعے واپڈا کو بجلی مہیا کرنے والے صارفین کو اب فی یونٹ کم قیمت ادا ہو گی جس پر ملک بھر سے سولر صارفین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
تاہم حکومت نے ترمیم کی مخالفت کرتے ہوئے سولر صارفین کو رعایت دینے کے لیے نیپرا کو خط بھی لکھا تھا۔
اب سوموار کو ملک میں بجلی کی فراہمی کی نگرانی کرنے والے ادارے نیپرا نے ڈسٹری بیوٹڈ جنریشن اور نیٹ میٹرنگ ریگولیشن 2015 میں مجوزہ ترمیم پر صارفین کے حق میں فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
فیصلے کے مطابق نیٹ میٹرنگ کے صارفین ڈسکوز کو اضافی بجلی 19 روپے 32 پیسے فی یونٹ کے حساب سے فروخت کرتے رہیں گے۔
’اتھارٹی کے مطابق اس فیصلے سے ملک میں نیٹ میٹرنگ کو مزید فروغ ملے گا۔‘
اس سے قبل نیپرا نے ریگولیشنز میں ترمیم کے لیے سٹیک ہولڈرز اور عوام سے رائے مانگی تھی اور اس ترمیم پر مختلف سٹیک ہولڈرز اور میڈیا رپورٹس سے موصول تبصروں پر غور کرتے ہوئےعوامی سماعت بھی کی تھی۔
’اتھارٹی نے سماعت کے دوران اور تحریری طور پر کی گئی سٹیک ہولڈرز کی گزارشات کا بغور جائزہ لیا اور سسٹم میں سستی اور صاف قابل تجدید توانائی کی شمولیت کے لیے حکومت کے وژن کا بھی بہ خوبی جائزہ لیا۔‘
’سماعت کے دوران سٹیک ہولڈرز کی جانب سے نیٹ میٹرنگ کے معاشی فوائد پر بھی روشنی ڈالی گئی تھی۔‘
موضوع پر بحث کے پیش نظر، اتھارٹی نے موجودہ نیپرا (متبادل اور قابل تجدید توانائی) ڈسٹری بیوٹڈ جنریشن اور نیٹ میٹرنگ ریگولیشن 2015 میں ترمیم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیصلے کے مطابق ’اب نیٹ میٹرنگ کے صارفین ڈسکوز کو اضافی بجلی 19 روپے 32 پیسے فی یونٹ کے حساب سے فروخت کرتے رہیں گے۔‘

Views= (1136)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین