حج پالیسی 2023ء کا اعلان ، وفاقی وزیر نے خرچ بھی بتادیا

وفاقی وزیر مذہبی امور نے حج پالیسی 2023ء کا اعلان کردیا، جس کے تحت رواں سال فی کس اخراجات 11 لاکھ روپے سے زائد آئیں گے۔ مفتی عبدالشکور کا کہنا ہے کہ حج کیلئے قرعہ اندازی اپریل میں ہوگی، پاکستان سے ہر عمر کے عازمین حجاز مقدس جاسکیں گے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران حج پالیسی 2023ء کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے حج پالیسی منظور کرلی ہے، رواں سال ہر عمر کے پاکستانی عازمین حج کرسکیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے، حج کوٹہ 50 فیصد سرکاری اور 50 فیصد نجی حج اسکیموں میں برابر تقسیم ہوگا، اس سال مفت حج کا تصور نہیں ہوگا، گزشتہ 5 سالوں کے دوران حج کرنیوالے رواں سال ریگولر حج اسکیم میں درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔
اخراجات
انہوں نے بتایا کہ شمالی علاقہ جات کیلئے حج اخراجات 11 لاکھ 75 ہزار روپے جبکہ جنوبی علاقہ جات کیلئے 11 لاکھ 65 ہزار روپے ہوں گے، سرکاری حجاج سے صرف اتنی رقم وصول کی جاتی ہے جتنے اخراجات آتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب نے ہماری درخواست پر حج اخراجات میں کچھ کمی کی ہے، رہائش، ٹرانسپورٹ اور خوراک کے علاوہ کرایہ اور میڈیکل کی سہولیات حکومت فراہم کرتی ہے، سعودی عرب میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ نے حج اخراجات کیلئے 90 ملین ڈالرز کے انتظامات کا وعدہ کیا ہے، حاجیوں کو بہترین رہائشی و سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی، حرم شریف کی توسیع کے باعث بھی اخراجات بڑھے ہیں۔
فارم جمع کرانے کی تاریخ
وفاقی وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ درخواستیں 14 نامزد بینکوں کے ذریعے 16 مارچ سے 31 مارچ تک وصول کی جائیں گی، حج کیلئے قرعہ اندازی اپریل میں ہوگی، خواتین کیلئے محرم کا ساتھ لازمی ہوگا، 45 برس اور زائد کی خواتین اس شرط سے مستثنیٰ ہوں گی، پاکستان سے تمام عمر کے عازمین حجاز مقدس جاسکیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال ہمارے حجاج کو مشاعر ٹرین کی سہولت دستیاب نہیں تھی تاہم اس سال ہم منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں مشاعر ٹرین کی سہولت لینے میں کامیاب رہے ہیں، اس سہولت کی قیمت بہرحال حجاج کو ہی برداشت کرنا پڑے گی۔
سمندر پار پاکستانیوں کیلئے اسپانسر شپ اسکیم
مفتی عبدالشکور کا کہنا ہے کہ رواں سال سمندر پار پاکستانیوں کیلئے اسپانسر حج متعارف کرایا ہے، بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں کو پاکستان سے حج سستا پڑتا ہے، بنگلہ دیش، بھارت اور افغانستان کے مقابلے میں پاکستان میں حج اخراجات کم آتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسپانسر شپ اسکیم کے تحت ڈالر اور ریال جمع کرانے والے افراد قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوں گے، اسپانسر شپ اسکیم کے تحت 4285 سے 4325 ڈالرز یا مساوی ریال جمع کرانے ہوں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ڈالر جمع کرانے کی ممانعت ہوگی، بیرون ملک زرمبادلہ کے ذریعہ آنے والی درخواستوں کی منظوری پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر دی جائے گی۔

Views= (1100)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین