عمران خان نے شہید کارکن علی بلال کیلئے نغمہ شیئر کر دیا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مبینہ طور پر پولیس تشدد سے جاں بحق ہونے والے کارکن علی بلال کے لئے نغمہ شیئر کر دیا۔
ٹوئٹر پرعمران خان نے ویڈیو شیئر کی اور اپنے پیغام میں کہا کہ میں یہ نغمہ شہید علی بلال، جسے پیار سے ظلِ شاہ عرف سے جانا جاتا تھا، سے منسوب کرتا ہوں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ وہ ایک مخصوص انداز میں اپنے وطن سے محبت کرتا تھا، دوران حراست تشدد سے اس کی اذیت ناک موت ان پستیوں کو ظاہر کرتی ہے جن میں ہماری کرپٹ، بے رحم اور ظالم مقتدر اشرافیہ اتر چکی ہے۔

دریں اثناءتحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ ظل شاہ پر شدید تشدد کیا گیا اور اس کے جسم کے نازک اعضا کو کچل دیا گیا، تشدد کے ثبوت مٹا دیےجاتے ہیں اور ایف آئی آر نہیں کاٹی جاتی، یہاں تک کہ پوسٹ مارٹم کرنے والے کو بھی معطل کردیا گیا۔
فرخ حبیب نے مزید الزام عائد کیا کہ اسپتال کے ایم ایس کو تبدیل کر دیا گیا، ظل شاہ کے وارثوں پر پریشر ڈالا جا رہا ہے،کٹھ پتلی محسن نقوی شہادت کروا رہا ہے۔
دوسری طرف پنجاب حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن علی بلال کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز کو جعلی قرار دے دیا۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پی ٹی آئی کارکن علی بلال عرف ظل شاہ کی ہلاکت کے حوالے سے لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس کی گئی جس میں نگراں وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ ہمارے پاس رپورٹ آئی کہ بندہ تشدد سے نہیں مرا، راجا شکیل نے یاسمین راشد کو معلومات دیں کہ گاڑی سے بندہ ہٹ ہوا، یاسمین راشد نے راجا شکیل کو کہاآپ میرے ساتھ کل زمان پارک چلیں ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان کا کہنا ہے کہ بلال کی لاش 6بج کر 52 منٹ پر سروسز اسپتال میں چھوڑی گئی ، سوشل میڈیا پر کل رات سے ایک طوفان بدتمیزی جاری ہے ،پولیس کی ٹیم نے سوشل میڈیا پر چلنے والی سازش ناکام بنا دی ،یہ تمام لوگ گرفتار ہوچکے ہیں اور انہیں عدالت میں پیش کیاجائےگا۔
اس کے علاوہ آئی جی پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانےوالے ویڈیو جعلی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل علی بلال عرف ظل شاہ کو اسپتال چھوڑ کر جانے والے دونوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم نے علی بلال کو لانے والی گاڑی کوبھی قبضے میں لے لیا اور حراست میں لیےگئے ملزمان میں عمر اورجہانزیب شامل ہیں۔گزشتہ دنوں علی بلال کی موت واقع ہوئی تھی، پاکستان تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ علی بلال پولیس تشدد سے جاں بحق ہوا۔

Views= (831)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین