مریم کا والد کو زہر دیئے جانے کا دعویٰ، نواز شریف کا دلچسپ ردعمل
Mar 11 2023 | ویب ڈیسک
مریم نواز شریف نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کو جیل میں زہر دیا گیا، جس پر سابق وزیراعظم کا بیان بھی سامنے آگیا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف سے لندن میں ایک صحافی نے سوال کیا کہ میاں صاحب آپ کو جیل میں زہر دیا گیا تھا، اس پر کچھ کہیں گے؟۔
نواز شریف نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے زہر دیا ان سے بات کریں۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے اپنے والد، سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کو قید کے دوران زہر دیے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔
ایک انٹرویو میں مریم نواز نے کہا تھا کہ نواز شریف کو دورانِ قید زہر دیے جانے سے ان کے پلیٹ لیٹس گرے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب نواز شریف کی حالت بگڑی اور وہ زندگی و موت کی کشمکش میں آئے تو کچھ لوگوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے تھے، نواز شریف کو باہر بھیجنا ان ہی لوگوں کی مجبوری تھا۔
انٹرویو میں مریم نواز نے سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کبھی نہ کبھی یہ بات سامنے آئے گی کہ اس معاملے میں عمران خان ملوث تھے۔
مریم نواز سے قبل ان کے بھائی، سابق وزیرِ اعظم کے سب سے بڑے بیٹے حسین نواز بھی نواز شریف کے نیب کی حراست کے دوران یہ خدشہ ظاہر کر چکے ہیں کہ ہو سکتا ہے کہ ان کے والد کو زہر دیا گیا ہو، تاہم انہوں نے اس حوالے سے کسی پر الزام عائد نہیں کیا تھا۔
Views= (683)
Join on Whatsapp 1 2