عمران خان کا اتوار کو مینار پاکستان پر جلسہ کرنے کا اعلان

لاہور لاہور اے ♥️

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی اتوار کو لاہور میں جلسہ کرے گی، مینار پاکستان پرجلسہ دن2 بجے ہوگا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت پاکستان تحریک انصاف کی الیکشن مہم ریلی زمان پارک سے نکل کر مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی داتا دربار پہنچ گئی جہاں چیئرمین نے کارکنان سے خطاب کیا۔
داتا دربار لاہور کے باہر پی ٹی آئی کی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اہلیان لاہور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لاہوریو! ہم سب نے اور پورے پاکستان نے مل کر جدوجہد کرنی ہے۔
قبل ازیں ریلی کے داتا دربار پہنچنے پر کارکنان کی جانب سے شاندار آتش بازی مظاہرہ اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

عمران خان نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں سب دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا، بیرونی فنڈنگ کیس میں ن لیگ کی فنڈنگ سامنے آئیں تو سب پتا لگ جائے گا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ریلی کے شرکاء سے خطاب میں حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں جو کچھ ہمارے ساتھ کیا گیا وہ بھولیں گے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب ریلی سے واضح ہوگیا کہ امپورٹڈ حکومت کیوں ریلی نہیں نکالنے دیتی تھی، کل بھی انہوں نے ہمیں ریلی کی اجازت نہیں دی تھی۔
پی ٹی آئی کارکن علی بلال عرف ظل شاہ کی موت سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ظل شاہ کو جس طرح شہید کیا گیا نہ میں بھولوں گا اور ساری قوم کی طرف سے پیغام دے رہا ہوں کہ ہم اسے بھولیں گے نہیں، پولیس والوں کو سزائیں دلوائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ میری ذاتی جنگ نہیں ہے، کوئی بھی ذاتی مفاد کے لئے اپنی جان خطرے میں نہیں ڈالتا، میری جان کو خطرہ ہے، تب بھی باہر نکلا ہوں، آپ سب کی جنگ لڑ ررہا ہوں، یہ ہم سب کی جنگ ہے کیونکہ ہمارا ملک تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے اور حقیقی آزادی قانون کی حکمرانی سے ہی آتی ہے، ہر طرح سے میری کردار کشی کی گئی، سب کو پتہ ہے میری جان کو خطرہ ہے۔
اپنے خلاف ہونے والے مقدمات سے متعلق انہوں نے بتایا کہ میرے اوپراب تک 80 کیسز بن چکے ہیں اور ہر روز کوئی نیا مقدمہ سامنے آجاتا ہے، اوپر بیٹھے لوگ ہر قسم کا حربہ استعمال کررہے ہیں کہ کسی طرح ہمیں الیکشن سے باہرکریں۔
عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ساری اعلیٰ قیادت کیخلاف مقدمات درج ہیں، لوگ حقیقی آزادی کے جہاد کے ساتھ کھڑے ہیں، دن میں جلسہ کرکے دکھانا چاہتا ہوں کہ لوگ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔
ریلی سے خطاب کرنے کے بعد ہزاروں کی تعداد میں موجود عوام اور کارکنان عمران خان کی قیادت میں براستہ مال روڈ واپس زمان پارک روانہ ہوگئے۔
اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ آج لاہور میں تاریخ ساز منظر نظر آئے۔ اہلیان لاہور کی محبت کا شکریہ ادا کرنے کے لئے الفاظ نہیں۔

Views= (835)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین