زمان پارک عمران خان کے گھر کے اندر شیلنگ؛ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد زخمی

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ زمان پارک لاہور پہنچنے پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان جھڑپ ہوئی، کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے واٹر کینن اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا جبکہ کارکنان کے پتھراؤ کے نتیجے میں ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد زخمی ہوگئے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’پولیس مجھے گرفتار کرنے کے لیے باہر آگئی ہے اور ان کا خیال ہے کہ عمران خان جیل میں چلا جائے گا تو قوم سوجائے گی لیکن آپ نے اس کو غلط ثابت کرنا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’آپ اپنے حقوق اور حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد کرنی ہے اور باہر نکلنا ہے، اگر میں جیل چلا جاتا ہوں یا مار دیتے ہیں، تو آپ نے ثابت کرنا ہے کہ عمران خان کے بغیر بھی یہ قوم جدوجہد کرے گی اور بدترین غلامی اور ایک آدمی ملک کے جو فیصلے کر رہا ہے کبھی قبول نہیں کریں گے‘۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ عدالت سے بھاگے ہوئے اس شخص کو عدالت کے حکم پر گرفتار کریں گے اور گرفتار کر کے وہاں پیش کریں گے۔

اسلام آباد پولیس دوپہر تقریباً 2 بجے پنجاب پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ عمران خان کو گرفتار کرنے ان کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچی لیکن اسلام آباد پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز شہزاد بخاری نے اس حوالے سے تفصیلات بتانے سے گریز کیا کہ کس کیس کے تحت پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
پولیس بکتر بند گاڑی کا سہارا لیتے ہوئے آہستہ آہستہ عمران خان کی رہائش گاہ کی طرف بڑھی اور اس دوران پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے درمیان تصادم ہوا، پولیس نے کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا جبکہ پی ٹی آئی کارکنان نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔
لاہور میں زمان پارک کے باہر پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنان کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ڈی آئی جی آپریشن اسلام آباد بخاری زخمی ہوگئے، جو پولیس ٹیم کی سربراہی کر رہے ہیں۔
ٹی وی فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈی آئی جی اسلام آباد کو چلنے میں مشکل پیش آرہی ہے اور پولیس اہلکار انہیں سہارا دے رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے ٹؤئٹر پر ویڈیو جاری کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کہ عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر آنسو گیس کے شیل گرے رہے ہیں۔

Views= (1612)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین