عمران خان نے عدالت میں پیش ہونے کی یقین دہانی کرا دی

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کی تحریری یقین دہانی کرا دی۔
پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تفصیلات شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ساری دنیا دیکھ لے کہ عمران خان امن چاہتے ہے اور انہوں نے اپنے دستخطوں سے 18 مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کی یقین دہانی بھی لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر کے حوالے کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب بھی اگر یہ لندن پلان پر عملدرآمد کروانا چاہتے ہیں تو نتائج کی ذمہ دار امپورٹڈ حکومت اور پولیس کے افسران ہوں گے۔ عمران خان امن چاہتے ہیں اور ہم پر امن ہیں۔ حکومت خون ریزی سے باز رہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ میں جیل جانےکو تیار ہوں۔ میری گرفتاری کی کوشش سے وہ وعدے پورے کیے جا رہے ہیں جو نواز شریف سے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ جیل جانے سے مجھے یا میری سیاست کو کوئی نقصان نہیں ہو گا۔ نواز شریف خود 2 مرتبہ ڈر کے ملک سے فرار ہوئے۔
عمران خان نے کہا کہ میرے گھر کے باہر حمایتی حفاظت کے لیے موجود ہیں جبکہ ماضی میں پارٹی رہنماؤں کو اٹھایا گیا اور تشدد کیا گیا تاہم مجھے نہیں معلوم جیل میں کیا ہو گا مگر میں تیار ہوں اور انسان کو ہر چیز کے لیے تیار ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ہمارے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے نہیں ہیں اور میرا کوئی جرم نہیں ہے جبکہ نواز شریف پانامہ کیس میں جیل گئے تھے۔ میرے اوپر 80 مقدمات بنائے گئے لیکن ایک بھی ایسا نہیں جو ثابت ہوجائے اور مجھے جیل میں ڈالنے سے انہیں نقصان ہے، مجھے نہیں۔

Views= (1027)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین