عمران خان کے نکلتے ہی پولیس زمان پارک پر چڑھ دوڑی؛ گیٹ توڑ دیا

لاہور پولیس نے زمان پارک میں آپریشن شروع کر دیا ہے اور گیٹ توڑ کر عمران خان کے گھر کے اندر داخل ہوگئی ہے۔
پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کی گرفتاریاں بھی شروع کردی ہیں جبکہ پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے ہمراہ موجود اینٹی انکروچمنٹ کی ٹیم نے کرین کے ذریعے عمران خان کےگھر کا دروازہ اور دیوار توڑی۔
پولیس کی قیدی وین اور واٹرکینن بھی کینال روڈ پر موجود ہے، پولیس کی جانب سے اسپیکرکے ذریعے دفعہ 144 کا اعلان کیا گیا اور زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کے اطراف موجود کارکنوں سے منتشر ہونے کی اپیل کی گئی۔
پولیس نے اعلان کیا ہےکہ دفعہ 144 نافذ ہے، آپ سے گزارش ہے منتشر ہو جائیں، پی ٹی آئی ورکرز کی جانب سے پولیس کے خلاف نعرے لگائے گئے اور پتھراؤ کیا گیا جس کے بعد پولیس نے آپریشن شروع کردیا اور کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کردیں۔

پولیس کا کہنا ہےکہ زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کے اردگرد ڈنڈا بردار کارکن موجود ہیں،کارکن زمان پارک میں واقع گراؤنڈ اور عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب کیمپوں میں موجود ہیں۔
پولیس نے زمان پارک اور اطراف کے علاقوں کو کنٹینر اور بیرئیر لگا کر بند کر دیا ہے، دھرم پورہ ، ریلوے پھاٹک اور گڑھی شاہو جانے والے راستے بھی بند ہیں، شہر کے مختلف راستے بند ہونے سے عوام پریشان ہیں۔

Views= (1269)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین