کم آمدن والے عوام کیلئے 50 روپے فی لیٹرتک پیٹرولیم ریلیف پیکج

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے پٹرول پر فی لیٹر 50 روپے سبسڈی دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کم آمدن غریب عوام کیلئے پٹرولیم سبسڈی میں موٹر سائیکل، رکشہ کے علاوہ 800 سی سی سمیت دیگر چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے تمام کم آمدن صارفین کو شامل کیا جائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کم آمدن پٹرولیم صارفین کے لیے پٹرولیم ریلیف پیکج پر جائزہ اجلاس لاہور میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کم آمدن غریب عوام کیلئے 50 روپےفی لیٹر تک پٹرولیم ریلیف پیکیج دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پٹرولیم سبسڈی میں موٹر سائیکل، رکشہ،کے علاوہ 800 سی سی سمیت دیگر چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے تمام کم آمدن صارفین کو شامل کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم سبسڈی کا عملی پروگرام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور پٹرولیم سبسڈی پر موثر عمل درآمد کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے جامع حکمت عملی مرتب کریں۔
انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیاں کم آمدن عوام کی سواری ہے اس کے لئے پٹرولیم سبسڈی براہ راست غریب عوام کے ریلیف کا باعث بنے گی۔
وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے اجلاس کو کم آمدن افراد تک پیٹرولیم سبسڈی کی فراہمی کی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار،وزیراعظم کے مشیر احمد چیمہ، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پٹرولیم اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

Views= (369)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین