پانچ ممالک جہاں سے آپ کو نوکری تلاش کرنے کا ویزہ مل سکتا ہے

پانچ ایسے اہم ممالک ہیں جہاں سے آپ کو نوکری تلاش کرنے کا ویزہ مل سکتا ہے۔
آپ بیرون ملک جانا چاہتے ہیں، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ آپ کے پاس کسی کمپنی کا آفر لیٹر نہیں ہے، تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ یوں ہی بیٹھے رہیں، آپ کو نوکری تلاش کرنے کا ویزہ مل سکتا ہے۔
یہ ویزہ دراصل کسی ملک میں عارضی رہائش کا اجازت نامہ ہے، جس پر آپ ایک مخصوص مدت کے لیے وہاں رہتے ہوئے اپنے لیے کوئی نوکری ڈھونڈ سکتے ہیں۔
زیادہ تر ممالک میں ایسا ہوتا ہے کہ ایک بار جب آپ کو ملازمت مل جاتی ہے، اور آپ تمام شرائط پوری کر دیتے ہیں تو آپ کو اس ملک میں مستقل رہائش مل جاتی ہے۔
مندرجہ ذیل پانچ ممالک نوکری تلاش کرنے کا ویزہ فراہم کرتے ہیں:
جرمنی: ویزے کا دورانیہ 6 ماہ
اہلیت کا معیار: آپ کی عمر 18 سال سے زیادہ ہونی چاہیے، کم از کم بیچلر ڈگری اور کم از کم پانچ سال کام کا تجربہ۔ آپ کو مالی ڈاکیومنٹس دکھانے ہوں گے کہ جرمنی میں ملازمت تلاش کرنے کے دوران آپ اپنے اخراجات پورے کر سکتے ہیں، یعنی پانچ لاکھ روپے کی رقم آپ کے بلاکڈ اکاؤنٹ میں ہو یا اسپانسر کی طرف سے ذمہ داری اٹھائے جانے کا خط ساتھ ہو۔
دستاویزات: پاسپورٹ جو 10 سال سے زیادہ پرانا نہ ہو، اور کم از کم 12 ماہ کی میعاد ہو اس میں، پاسپورٹ کی تین تصاویر، ایک کور لیٹر، تعلیمی اسناد، رہائش اور مالی ذرائع کا ثبوت، سی وی، ہیلتھ انشورنس اور آپ کا پیدائشی سرٹیفکیٹ۔
آسٹریا: ویزے کا دورانیہ 6 ماہ
آسٹریا انتہائی اعلیٰ تعلیم یافتہ کارکنوں (تجربہ کار اور اعلیٰ سطح کے سائنس دان اور منیجرز وغیرہ) کو نوکری کی تلاش کا ویزہ پیش کرتا ہے۔
اہلیت کا معیار: انتہائی اعلیٰ تعلیم یافتہ کارکنوں کے لیے آسٹریا نے 100 پوائنٹس کا ایک معیار مرتب کیا ہے، اس فہرست میں آپ نے 70 پوائنٹس حاصل کرنے ہوں گے، اس فہرست میں ایوارڈز، ریسرچ اینڈ اینوویشن، تعلیمی ڈگریاں، گراس سیلری اور زبان کی مہارت سمیت قابلیت اور دیگر مہارتیں شامل ہیں۔
دستاویزات: پاسپورٹ، تصویر، مقامی رہائش کا ثبوت، ہیلتھ انشورنس اور خرچے کے ذرائع کا ثبوت، وہ دستاویزات جو پوائنٹس کی فہرست میں آپ کے کی قابلیت کا ثبوت ہوں۔
سویڈن: ویزے کا دورانیہ 3 سے 9 ماہ
اگر آپ نے اعلیٰ تعلیم کی ڈگری حاصل کر لی ہے، تو آپ سویڈن جانے کے لیے رہائشی اجازت نامہ حاصل کر سکتے ہیں اور کام تلاش کر سکتے ہیں، اپنا کاروبار شروع کرنے کے امکانات بھی تلاش کر سکتے ہیں۔
اہلیت کا معیار: ایڈوانسڈ لیول ڈگری کے مطابق تعلیم کی تکمیل، یعنی آپ کی ڈگری 60-کریڈٹ ماسٹر ڈگری ہو، 120-کریڈٹ ماسٹر ڈگری ہو، 60-330 کریڈٹ کی پیشہ ورانہ ڈگری ہو، یا پوسٹ گریجویٹ / پی ایچ ڈی سطح کی ڈگری کے مساوی ہونی چاہیے۔
دستاویزات: پاسپورٹ، تعلیمی اسناد، رہائش کے لیے اخراجات کا ثبوت، ہیلتھ انشورنس اور آپ کی رضا مندی کے ایک دستخط شدہ خط کی ڈیجیٹل کاپی، جس کے ذریعے سویڈش کونسل فار ہائر ایجوکیشن (UHR) کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ آپ کے تعلیمی اسناد کی تصدیق کے لیے آپ کے ملک کے تعلیمی اداروں سے رابطہ کر سکتا ہے۔
متحدہ عرب امارات: ویزے کا دورانیہ 60، 90 یا 120 دن
اہلیت کا معیار: آپ کا قانون ساز، منیجر، بزنس ایگزیکٹو، یا سائنسی، تکنیکی یا انسانی شعبوں میں پیشہ ور یا ٹیکنیشن ہونا ضروری ہے، یا اس کے متبادل کے طور پر آپ کو وزارت تعلیم کی طرف سے منظور شدہ درجہ بندی کے مطابق دنیا کی بہترین 500 یونیورسٹیوں میں سے ایک سے گریجویٹ ہونا چاہیے،
صرف یہی نہیں بلکہ آپ پچھلے 2 سالوں کے اندر گریجویٹ ہوئے ہوں۔ آپ کے پاس بیچلر کی ڈگری ہونی چاہیے، اور آپ کو مقررہ مالی ضمانت کو بھی پورا کرنا ہوگا۔
دستاویزات: پاسپورٹ، رنگین تصاویر اور اہلیت کے تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ
پرتگال: ویزے کا دورانیہ 120 دن (مزید 60 دنوں کے لیے قابل تجدید)
اہلیت کا معیار: اہلیت کے بارے میں معلومات سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب نہیں ہیں، تاہم تفصیلات کے لیے پرتگالی حکومت کے سفارتی پورٹل پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
دستاویزات: ایک مکمل ویزا درخواست، تین ماہ کی میعاد کا پاسپورٹ، دو تصاویر، مجرمانہ ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ، سفری انشورنس اور کم از کم تین ماہ کی تنخواہ کے برابر مالی وسائل کا ثبوت۔

Views= (765)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین