راولپنڈی میں سوتیلے باپ کا کمسن بچی پر تشدد، ویڈیو وائرل ہونے پر ملزم گرفتار

راولپنڈی: تھانہ ریس کورس کے علاقے ڈھوک سیداں میں سوتیلے والد کا نابالغ بچی پر بہیمانہ تشدد، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
حکام کے مطابق ڈھوک سیداں کے علاقے میں 8 سالہ بچی کو سوتیلے والد کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنانے کے حوالے سے شکایت اور ویڈیو منظر عام پر آئی، ویڈیو میں بچی کے چہرے پر تشدد کے نشانات بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔
سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے معاملے کا نوٹس لیکر پولیس کو کارروائی کا حکم دیا جس پر پولیس اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو راولپنڈی نے مبینہ تشدد کا شکار 8 سالہ بچی نور فاطمہ کو بازیاب کرواکر سوتیلے باپ خاور شہزاد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، ملزم نشے کا عادی بتایا جاتا ہے۔
ڈائریکڑ چائلڈ پروٹیکشن بیورو راولپنڈی علی عابد نقوی کا کہنا ہے کہ سوتیلا والد اکثر چھوٹی چھوٹی گھریلو باتوں پر بچی کو تشدد کا نشانہ بناتا اور گزشتہ دنوں بھی بچی پر ڈنڈے، گھونسوں اور تھپڑوں سے تشدد کیا، بچی کے سر، چہرے، بازو اور جسم کے دیگر حصوں پر تشدد کے نشانات ہیں۔
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب سارہ احمد کا کہنا تھا کہ تشدد کا شکار بچی کی والدہ کے انکار پر بیورو نے اپنی مدعیت میں مقدمہ درج کرادیا ہے، بچی کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔
سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ بچوں پر تشدد ناقابل برداشت ہے، ملزم کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

Views= (561)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین