پی ٹی آئی کا احتجاج : لاہور میں وکلاء کو پارکنگ میں بند کر کے تالا لگا دیا گیا

پنجاب میں 30 سے زائد مقامات پر احتجاج

انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ملک بھرمیں احتجاج کی کال دینے والی پی ٹی آئی کے لاہورمیں احتجاج کے دوران رہنما شہزاد فاروق سمیت 6 کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا۔ لاہورمیں احتجاج کرنے والے وکلاء کو بھی پارکنگ ایریا میں بند کرکے تالا لگا دیا گیا۔
پاکستان تحریکِ انصاف نے عام انتحابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف آج 2 مارچ بروز ہفتہ کو ملک بھرمیں احتجاج کرنے کی کال دے رکھی ہے، پولیس نے اس اعلان کےبعد اسلام آباد اور لاہورمیں سیکیورٹی سخت کردی۔ وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔
انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے راولپنڈی، لاہو, فیصل آباد، چکوال، حیدرآباد، دھابیجی، لیہ، کراچی، خانیوال، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، مظفرگڑھ سمیت دیگرشہروں میں جاری ہیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ان کی جماعت کے کارکنان آج ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔ ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے مطابق دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ اور دفعہ 144نافذ العمل رہے گی۔
ضابطہ فوجداری (سی آر پی سی) کی دفعہ 144 ضلعی انتظامیہ کو عوامی مفاد میں احکامات جاری کرنے کا اختیار دیتی ہے جس سے مخصوص مدت کے لئے کسی سرگرمی پر پابندی لگ سکتی ہے۔
اس حوالے سے گشت بڑھا تے ہوئے شہر کے ناکہ پوائنٹس پر چیکنگ سخت کردی گئی ہے۔
گشت کے لیے سی ٹی ڈی کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں جو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیارہیں۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق شہری دوران سفر ضروری شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں او چیکنگ کے دوران پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔
پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ ایف نائن پارک کی طرف ٹریفک کارش ہوسکتا ہے اس لیے شہری اس جانب غیرضروری سفرسے گریزکریں۔
شہریوں کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پکار 15 یا آئی سی ٹی 15 ایپ پر اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہورمیں بھی پولیس نے جی پی او چوک، جیل روڈ اور پنجاب اسمبلی کے باہر اضافی نفری تعینات کردی ہے۔
جی پی او چوک پر کم از کم 3 قیدی وین موجود ہیں، پولیس افسران سے کہا گیا ہے کہ جو کوئی بھی احتجاج کے لیے سڑکوں پر آئے گا اسے گرفتار کریں۔
احتجاج پر پی ٹی آئی رہنما شہزاد فاروق سمیت6 کارکنوں کو گرفتارکرلیا گیا۔
انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی وکلاء کوہائی کورٹ پارکنگ ایریا تک محدود کرتے ہوئے پارکنگ ایریا کوباہرسے تالہ لگا دیا گیا ۔
وکلا ء نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ ہم پرامن احتجاج کررہے ہیں ہمارے ہاتھ میں کوئی اسلحہ تونہیں ہے جس پر پولیس کی جانب سے کہا گیا کہ آپ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔
پی ٹی آئی نے اپنے احتجاج کے لیے صرف صوبہ پنجاب میں 30 سے زائد مقامات کا اعلان کیا ہے۔

Views= (313)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین