9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس: شاہ محمود کی قرآن مجید کے حلف پر کیس کا فیصلہ کرنے کی استدعا

تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ سمیت پانچ مقدمات پر کوٹ لکھپت جیل ٹرائل کے دوران شاہ محمود قریشی نے قرآن مجید کے حلف پر کیس کا فیصلہ کرنے کی استدعا کر دی۔
شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر کے خلاف کیسز کی سماعت کوٹ لکھپت جیل میں ہوئی۔ دوران سماعت شاہ محمود قریشی روسٹرم پر آئے اور نو مئی مقدمات میں قرآن مجید پر حلف کی استدعا کردی۔
شاہ محمود نے کہ کہا کہ عدالت میرا اور پراسکیوشن کا قرآن مجید پر حلف لے لے، ثبوت اور گواہوں کو چھوڑیں اب بات قرآن مجید کے حلف پر ہوگی۔
شاہ محمود قریشی ،عمر چیمہ ،اعجاز چوہدری سمیت دیگر نے ڈاکٹر یاسمین کی ضمانتوں پر فیصلہ کرنے کی استدعا بھی کی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے جج سے مکالمے میں کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کینسر کی مریضہ ہیں، ہم اپنی ضمانتیں واپس لے لیتے ہیں آپ یاسمین راشد کی ضمانتوں پر فیصلہ کر دیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے کہا کہ مقدمے کا ریکارڈ منگوایا ہے۔ تاہم ڈاکٹر یاسمین راشد نے صرف میری نہیں سب دوستوں کی ضمانتیں ہونی چاہیں، میرٹ پر ہماری ضمانت بنتی ہے، اگر جیل میں مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دارعدالت ہو گی۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ گواہ کے مطابق نو مئی سے قبل پندرہ لوگوں کی میٹنگ ہوئی، ان پندرہ میں سے چھ لوگوں نے پریس کانفرنس کی اور پولیس نے آج تک ان چھ لوگوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی۔
سرکاری وکیل کے کہا کہ ہم نے انہیں بے گناہ نہیں کیا، وہ چھ لوگ اشتہاری ہیں۔۔ جس پر شاہ محمود قریشی نے کہا پراسکیوٹر صاحب تصیح کرلیں وہ اشتہاری نہیں سرکاری ہیں۔ دلائل مکمل ہونے پر اے ٹی سی جج خالد ارشد نے کاروائی 2 ستمبر تک ملتوی کردی۔

Views= (407)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین