لائف بوائے صابن بنانے والی کمپنی پر 6 کروڑ روپے جرمانہ عائد

مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے یونی لیور پاکستان پر ”لائف بوائے صابن“ اور ”لائف بوائے ہینڈ واش“ کی تشہیر کے لیے ٹیلی ویژن پر دھوکا دہی پر مبنی دعوے نشر کرنے پر 6 کروڑ روپے جرمانہ عائد کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ یونی لیوی پاکستان نے سی سی پی کے اس فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بزنس ریکارڈر کی رپورٹ کے مطابق لائف بوائے صابن اور ہینڈ واش نامی مصنوعات کے بارے میں ریکٹ بینکیزئر کی جانب سے دی گئی ایک شکایت کی بنیاد پر مسابقتی کمیشن پاکستان نے یونی لیور پاکستان کے اپنی مصنوعات کے بارے میں دعوؤں جیسے ”جراثیم سے 100فیصد ضمانت یافتہ تحفظ“، ”جراثیم سے تحفظ دینے والا دنیا کا نمبر ون صابن“ اور ”10 سیکنڈ میں 99.9 فیصد جراثیم سے تحفظ“ کے بارے میں جانچ پڑتال کی۔
یونی لیور کی جانب سے ان دعوؤں کے بارے میں ڈسکلیمرز انتہائی چھوٹے سائز میں چھاپے گئے اور بمشکل ہی نوٹس کیے جاسکتے ہیں، مسابقتی کمیشن پاکستان نے یونی لیور کو 30 روز کے اندر حکم کی تعمیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
مسابقتی کمیشن کے بینچ نے 2010 کے مسابقتی ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزیوں پر یونی لیور پاکستان کو جاری کیے گئے شوکاز نوٹس سے متعلق کارروائی کو نمٹا دیا۔
2010 مسابقتی ایکٹ کا سیکشن 10 کاروبار کو گمراہ کن معلومات یا جھوٹے دعوؤں پر مبنی مارکیٹنگ میں ملوث ہونے سے روکتا ہے۔
فریب پر مبنی مارکیٹنگ کو روکنا مسابقتی کمیشن پاکستان کے بنیادی اختیارات میں سے ایک ہے، یہ کمیشن صارفین کو گمراہ کن معلومات سے تحفظ فراہم کرتا ہے اور حریف کاروبار کو مسابقت مخالف رویے سے بچاتا ہے جو کہ کمپنیوں کے کاروباری مفادات کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
کمیشن کے حکم میں مسابقتی ایکٹ کے سیکشن 10 کی پانچ واضح خلاف ورزیوں کا مشاہدہ کیا گیا۔
حکم نامے کے مطابق صحت اور حفاظت سے متعلق دعوے قابل اعتماد سائنسی شواہد سے ثابت نہیں ہوئے۔
حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ یونی لیور نے شوکاز نوٹس جاری کرنے کے باوجود دھوکہ دہی کے عمل کو جاری رکھا۔
آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ یونی لیور کے فریب کاری کے طریقے خطے کے لحاظ سے مختلف ہوتے ہیں، سعودی عرب، برطانیہ اور بنگلہ دیش جیسے ممالک میں ایک ہی مصنوعات کے لیے مختلف الفاظ کا استعمال کیا جاتا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ ’سب سے سنگین دھوکہ پاکستان میں پایا گیا، جسے کمیشن نے ناقابل قبول سمجھا۔‘
دوسری جانب یونی لیور پاکستان نے ایک بیان میں کہا کہ، ’یونی لیور پاکستان ایک ذمہ دار مارکیٹئر اور پاکستان ایڈورٹائزرز سوسائٹی کا ممبر ہے۔ لائف بوائے ایک قابل اعتماد برانڈ نام ہے اور اپنے دعوؤں پر قائم ہے اور مناسب اپیلیٹ فورم کے سامنے سی سی پی کے حکم کو چیلنج کرے گا۔‘

Views= (295)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین