چیف جسٹس کی سربراہی میں اجلاس، 9 مئی کی ملزمہ خدیجہ شاہ بھی شریک

اجلاس میں خدیجہ شاہ کی شرکت پر تبصرے

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے لاہور میں ایک اہم مشاورتی اجلاس کی صدارت کی جس میں اہم سٹیک ہولڈرز بشمول چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم اور ہوم اینڈ پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس اجلاس میں پی ٹی آئی کی رہنما خدیجہ شاہ نے بھی شرکت کی جو نو مئی کے مقدمے میں جیل میں قید رہی ہیں۔
اجلاس کا ایجنڈا لا اینڈ جسٹس کمیشن کی پیش کردہ قومی جیل اصلاحات پالیسی کی تجاویز پر مرکوز تھا، جو بین الاقوامی معیار بشمول نیلسن منڈیلا قواعد، بینکاک قواعد اور بیجنگ قواعد کے مطابق پاکستان کی اصلاحی سہولیات میں انسانی اور بحالی پر مبنی نظم و نسق کو یقینی بنائے۔ اس تجویز کو شرکاء نے بھرپور حمایت فراہم کی، جنہوں نے زیر سماعت قیدیوں کے لیے متبادل سزا کے اختیارات اور بحالی کے اقدامات کو فروغ دینے کے لیے مرحلہ وار منصوبہ پر غور کیا۔
سوشل میڈیا پر اجلاس میں خدیجہ شاہ کی شرکت پر تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
ایکس پر ایک صارف ’پاکستان والی‘ نے لکھا کہ ’خدیجہ شاہ کو اس اجلاس میں کس حیثیت میں بلایا گیا، اگر وہ پارٹی کی نمائندگی کر رہی ہیں تو کیا پی ٹی آئی کو دعوت دی گئی تھی؟‘
عدیل راجہ نے لکھا کہ ’چیف جسٹس نے خدیجہ شاہ کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی، وہ ایک ایسی خاتون ہیں جنہوں نے نو مئی کے کیسز میں کئی مہینے جیل میں گزارے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ چیف جسٹس ان جعلی کیسز کے بارے میں کتنا کچھ جانتے ہیں۔‘
وانڈرر نے لکھا کہ ’خدیجہ شاہ میٹنگ میں، لگتا ہے کہ یحییٰ آفریدی کچھ مختلف سوچ رہے ہیں۔‘
ایک اور صارف رے نے لکھا کہ ’چیف جسٹس نے جیل اصلاحات کے لیے بلائے گئے اجلاس میں رائے لینے کے لیے خدیجہ شاہ کو دعوت دی۔ انہوں نے سمجھا کہ اس معاملے میں ان کا فیڈ بیک قیمتی ہو سکتا ہے۔ وہ حکومت اور اپوزیشن دونوں اطراف سے فیڈ بیک لینا چاہتے ہیں۔‘

Views= (441)

Join on Whatsapp 1 2

تازہ ترین