لاہور: انارکلی بازار میں دھماکا، بچے سمیت 3 افراد جاں بحق

نیو انارکلی بازار میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہوئے، پولیس نے شک کی بنیاد پر کچھ ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
لاہور کے علاقے نیو انارکلی میں پان منڈی کے قریب خوف ناک دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔
دھماکا اتنا زوردار تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور وہاں کھڑی کئی موٹرسائیکلوں کو آگ لگ گئی۔ ابتدائی طور پر اسے سلنڈر دھماکا کہا گیا تاہم بعد ازاں اس کے بم دھماکا ہونے کی اطلاع سامنے آئی۔ بم ایک موٹرسائیکل میں نصب تھا اور دھماکے کے بعد زمین میں گڑھا پڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوراً جائے وقوعہ پر پہنچیں جب کہ سینئر پولیس افسران بھی موقع پر موجود ہیں۔
جاں بحق افراد کی شناخت ابصار اور رمضان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ رمضان نامی شخص قریبی دکان پر ملازم تھا جبکہ ابصار کی عمر 9 سال تھی جس کی والدہ بھی زخمی ہیں۔
وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین کے مطابق دھماکے میں ایک جاں بحق شخص کی لاش اسپتال لائی گئی جب کہ ایک زخمی اسپتال میں دم توڑ گیا۔
ڈاکٹر یاسمین کے مطابق دھماکےکے زخمیوں میں 3 خواتین بھی شامل ہیں جن کی حالت بہتر ہے جب کہ دھماکے میں زخمی چار افراد کی حالت تشویشناک ہے ان افراد کی ہڈیاں ٹوٹی ہیں۔
ڈی سی لاہور کے مطابق مرنے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے جس کی عمر 9 سال ہے اور اس کی شناخت ابصار کے نام سے ہوئی ہے جو کہ کراچی کا رہائشی بتایا جاتا ہے، دھماکے میں ابصار کے والدین بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہےکہ دھماکا ایک بج کر 45 منٹ پر ہوا جس کے تعین کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کام کررہا ہے
ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر عابد نےکہا ہےکہ واقعے کی ابتدائی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بینک کے باہر پارکنگ میں زوردار دھماکا ہوا جس کے بعد موٹرسائیکل اور ریڑھیوں میں آگ لگ گئی۔
پانچ شہروں سے متعلق ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں کہ لاہور دھماکے میں کون ملوث ہے،کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے سیزفائر ختم ہوچکا ہے، پانچ شہروں سے متعلق ریڈ الرٹ جاری کیا ہواہے۔
وزیراعظم نے رپورٹ طلب کرلی
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے لاہور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کو ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش
آئی جی پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو دھماکے سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کردی ہے۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا پلانٹڈ ڈیوائس سے کیا گیا،دھماکے میں ڈیڑھ کلو باروودی مواد استعمال کیا گیا تھا، دھماکے میں ایک عمارت اور 8 موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا۔
ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دھماکے میں 28 افراد زخمی اور 2 جاں بحق ہوئے ہیں۔

Views= (43)

گروپ جائن کرنے کے لیے کلک کریں (NewsHook) /#/ (NewsHook-2)

اہم خبریں/ تازہ ترین